جعفر ایکسپریس پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ افغانستان کو دیا گیا تھا، واشنگٹن پوسٹ کی تصدیق

امریکی فوج اور پینٹاگون نے بھی تصدیق کی کہ پاکستانی حکام کی جانب سے صحافیوں کو دکھائے گئے ایم 16 رائفلز، دیگر جدید ہتھیار اور دیگر اسلحے میں سے 63 ہتھیار امریکی حکومت نے افغان فورسز کو دئیے تھے، امریکی اخبار کی رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 15 اپریل 2025 12:15

جعفر ایکسپریس پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ افغانستان کو دیا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل 2025)امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ افغانستان کو دیا گیا تھا،امریکی اخبار کی تحقیقات میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں افغانستان کو دیا گیا امریکی اسلحہ استعمال ہونے کے پاکستان کے دعوے کی تصدیق ہوگئی،امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2018 میں امریکہ میں بننے والی رائفل جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے میں استعمال ہوئی تھی۔

یہ رائفل پاک فوج کے آپریشن کے نتیجے میں بلوچستان ٹرین حملے کے بعد حملہ آوروں کے پاس سے برآمد ہوئی تھی۔امریکی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی فوج اور پینٹاگون نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکام کی جانب سے صحافیوں کو دکھائے گئے ایم 16 رائفلز، دیگر جدید ہتھیار اور نائٹ وڑن ڈیوائسز سمیت دیگر اسلحے میں سے 63 ہتھیار امریکی حکومت نے افغان فورسز کو دئیے تھے۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایاگیاکہ اس وقت طالبان کو اربوں ڈالر کے امریکی فوجی ساز و سامان ہاتھ لگے تھے جو بعد میں سرحد پار پاکستان کے اسلحہ بازاروں اور عسکریت پسندوں کے ہاتھوں تک پہنچا۔واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایا کہ اب یہ امریکی رائفلز، مشین گنز اور نائٹ وڑن گلاسز کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر گروپس حملوں میں استعمال کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان میں سے ایک M4A1 رائفل 2018 میں امریکہ میں بنی تھی جو امریکی فوج افغانستان سے انخلا کے وقت وہی چھوڑ گئے تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی حکام نے حملہ آوروں سے برآمد ہونے والا ایم 16 رائفلز، دیگر جدید ہتھیار اور نائٹ وڑن ڈیوائسز سمیت دیگر اسلحہ صحافیوں کو دیکھایا تھا۔کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس پر دہشتگردوں نے بولان کے مقام پر حملہ کرکے ٹرین کے 440مسافروں کویرغمال بنالیا تھا ۔

بعدازاں پاک فوج نے آپریشن کرکے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاتھا اور جعفر ایکسپریس ٹرین کے مسافروں کو بازیاب کروالیا گیاتھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھاکہ جعفر ایکسپریس کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا تھا اور حملے کے مقام پر تمام 33دہشت گرد مارے گئے تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جعفر ایکسپریس پر حملے میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق کہناتھا کہ واقعے میں مجموعی طور پر 26 مسافروں کی شہادتیں ہوئیں تھیں اور 354 یرغمالیوں کی زندہ بازیاب کروایا گیا تھا جن میں 37 زخمی بھی شامل تھے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی بتایاتھا کہ 18 شہدا کا تعلق آرمی اور ایف سی سے ہے، 3 شہدا ریلوے اور دیگر محکموں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 5 عام شہری تھے۔