300 زرعی گریجویٹس کا گروپ زراعت اور لائیو سٹاک ٹیکنالوجی پر تین ماہ کی تربیت حاصل کرنے چین روانہ ہو گیا

بدھ 16 اپریل 2025 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) 300 زرعی گریجویٹس کا ایک گروپ زراعت اور لائیو سٹاک ٹیکنالوجی پر تین ماہ کی اعلیٰ سطح کی تربیت میں حصہ لینے کے لیے چین روانہ ہو گیا ہے۔ یہ زیر تربیت گریجویٹس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے شروع کیے گئے ’’چین میں 1000 زرعی گریجویٹس کی صلاحیت سازی کے لیے وزیر اعظم پاکستان کے اقدام‘‘ کے تحت چین کا سفر کر رہے ہیں۔

اس پروگرام کے تحت 1000 باصلاحیت نوجوان پاکستانی زرعی گریجویٹس کو چین کے اعلیٰ اداروں جو زراعت، ماہی گیری اور لائیو سٹاک ٹیکنالوجی کے کلیدی شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں میں تربیت دی جائے گی۔ 300 گریجویٹس کا پہلا گروپ نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی اور ینگلنگ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج میں تربیتی کورس میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور وفاقی وزارت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور ایچ ای سی کے سینئر حکام بشمول ایڈوائزر ایچ ای سی ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ڈویژن محمد رضا چوہان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے منتخب گریجویٹس کو نئے تعلیمی سفر کا آغاز کرنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دنیا کے 10 سب سے زیادہ زرعی پیداوار والے ممالک میں شامل ہے۔ زراعت ملک میں ترقی کے حوالے سےریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے وسیع استعدادموجود ہیں۔انہوں نے باہر جانے والے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آپ کا انتخاب آپ کے کندھوں پر اس موقع سے فائدہ اٹھانے، بہتر فارم میکانائزیشن اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بہترین طریقوں کو سیکھنے اور انہیں پاکستان میں نافذ کرنے کی ایک بڑی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے زرعی گریجویٹس کو ہنر سے آراستہ کیا جائے گا جس سے وہ ملک میں زرعی شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ سال چین کے دورے کے دوران ’پاکستان کے وزیراعظم کا چین میں 1000 زرعی گریجویٹس کی صلاحیت سازی کے لیے اقدام‘ کا تصور پیش کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد 1000 باصلاحیت نوجوان زرعی گریجویٹس کو سیڈ پروسیسنگ ڈویلپمنٹ، مویشیوں کی افزائش اور جینومکس، انتہائی موثر آبپاشی کے نظام، فارم میکانائزیشن، ایکوا کلچر، مویشیوں کی افزائش اور بیماریوں کی نگرانی وغیرہ کے لیے قلیل مدتی تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ایچ ای سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی رہنمائی کے مطابق ایک سخت عمل کے بعد گریجویٹس کے شفاف انتخاب کو یقینی بنایا۔ بلوچستان سمیت پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایگریکلچر گریجویٹس کو موقع دینے پر خصوصی زور دیا گیا۔