ح*سندھ اور بلوچستان کے عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، شازیہ مری

۴وفاقی حکومت کو فوری طور پر دریائے سندھ پر 6 نہریں بنانے کی تجویز سے دستبردار ہونا چاہیے، رہنما پیپلز پارٹی

جمعہ 18 اپریل 2025 21:15

+اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء)ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، وفاقی حکومت کو فوری طور پر دریائے سندھ پر 6 نہریں بنانے کی تجویز سے دستبردار ہونا چاہیے۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس منصوبے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور چیئرمین بلاول نے حکومت کو وارننگ بھی دے رکھی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ن لیگ کی حکومت کو پانی کے مسئلے پر عوامی جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیے، پانی کا مسئلہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور اس پر جنگیں چھڑ جاتی ہیں۔ شازیہ مری نے کہاکہ جب سسٹم میں پہلے ہی پانی نہیں ہے اور سندھ کو شدید قلت کا سامنا ہے تو نئی نہروں کے لیئے پانی کہاں سے لیا جائے گا پاکستان پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر 6 نئی نہروں کی تعمیر کی کبھی اجازت نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہاکہ لگتا ہے کہ جان بوجھ کر ملک پانی کے مسئلہ پر انتشار پھیلایا جا رہا ہے، صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو واضح طور پر مشورہ دیا ہے کہ وہ اس یکطرفہ فیصلے سے پیچھے ہٹ جائے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور حامی اس عوام دشمن تجویز کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جیسے شہید بی بی کالا باغ ڈیم کے خلاف ڈٹی رہی تھیں۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور دریائے سندھ پر نہریں بنانے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوںنے کہاکہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور اس کے منشور پر عوام کے اعتماد کو ثابت کر دیا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ تمام سیاسی یتیموں کے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے خلاف اکٹھے ہونے کے باوجود، ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹرز کی زبردست حمایت ملی، پی ٹی آئی امیدوار کی دھاندلی کی کوششوں کے باوجود، پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے این اے 213 میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔