سندھ سے سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی امیدوار نامزد

ہفتہ 19 اپریل 2025 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو امیدوار نامزد کردیاہے۔وقار مہدی اس وقت پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ وہ اس سے قبل بھی ایوان بالا کے رکن رہ چکے ہیں۔پیپلز پارٹی کے ایک اور رہنما آصف خان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مجاہد رسول اور نگہت مرزا نے بھی سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہے۔ ایوان میں پارٹی کے ارکان کی تعداد 116 ہے، جبکہ ایم کیو ایم کے 36، پی ٹی آئی کے 8 اور جماعت اسلامی کا ایک رکن موجود ہے۔