ہم وفاق کو جوڑنے والے لوگ ہیں ، کینال منصوبوں پر دانشمندی کے ساتھ کام ہونا چاہیے، راجہ پرویز اشرف

پیر 21 اپریل 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قومی نوعیت کے کسی بھی منصوبے کو چاروں صوبوں کو اعتماد میں لیے بغیر مکمل نہیں ہونا چاہیے، کالاباغ ڈیم پر صوبوں کو اعتماد میں نہ لینے کے باعث یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا اور اس سے باہمی اختلافات نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ملک سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھاشا ڈیم اگر متبادل منصوبہ ہے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں، اسے مکمل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کو جوڑنے والے لوگ ہیں ، کینال منصوبوں پر بھی دانشمندی اور بصیرت کے ساتھ کام ہونا چاہیے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی، چودھری اسلم گل، احسن رضوی، ڈاکٹر مبشر اور آغا تقی سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔