اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں استصواب رائے کی قرارداد پر عمل درآمد کرائے،میرواعظ کا بھارتی سپریم کورٹ سے امتیازی وقف قانون کو کالعدم قراردینے کا مطالبہ

پیر 21 اپریل 2025 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس عزم اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہدآزادی کو دبانے کے بی جے پی اورآر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ 21اپریل 1948کو منظور کی گئی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 47پر عمل درآمد کرے جس میں جموں و کشمیر کے عوام کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس قرارداد پر عملدرآمد کا پابندہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردارکیاکہ مقبوضہ علاقے میں بعض جماعتیں ہندوتوا قوتوں کو سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھارتی پروپیگنڈے کو شکست دینے کے لیے اتحاد واتفاق پر زور دیا۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بڈگام میں ایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشوں کے خلاف متحد ہونے پر زور دیا۔

انہوں نے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کو مسلمانوں کی شناخت پر حملہ قرار دیتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ سے اسے کالعدم قراردینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے بار بار روکے جانے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عدلیہ ان کے مذہبی حقوق کو برقرار رکھے گی اور ان کی غیر قانونی نظر بندی کو ختم کرے گی۔

میرواعظ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں عالم اسلام کے اتحاد اورفلسفہ خودی کا علمبردارقرار دیا۔ادھر ضلع کولگام کے علاقے کنڈ کے رہائشیوں نے بجلی کے زیادہ بلوں اور رشوت خوری پر قابض حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی کے اہلکار جان بوجھ کر زیادہ بل جاری کرتے ہیں اور پھر کچھ رقم کم کرنے کے لیے مقامی لوگوں سے رشوت طلب کرتے ہیں۔ مظاہرین نے بدعنوان اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شدید بارشوں اورمٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سرینگرجموں ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بند کردیاگیاہے جبکہ لداخ میں شدید برف باری سے پورے خطے بالخصوص ضلع کرگل میں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں ۔