اپنے باپ دادا کا مشن مجھے اپنی زندگی سے زیادہ عزیز ہی:مولانا عبد الحق ثانی

منگل 22 اپریل 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا عبد الحق ثانی نے کہا ہے کہاپنے باپ داد کا مشن مجھے اپنی زندگی سے زیادہ عزیز ہے میں اپنے دادا مولانا سمیع الحق شہید اور اپنے عظیم والد مولانا حامد الحق شہید کا مشن پورا کر کے رہیں گے۔ دین دشمن قوتوں کی یہ خام خیالی ہے کہ خاندان حقانیہ اشاعت دین اور اپنے بڑوں کے مشن سے انحراف کریں گے ، اس وقت ملک میں جنگل کا قانون ہے، علما کو بیدردی سے شہید کیا جا رہا ہیں اور آج تک ایک شہید کے قاتل کو بھی نہیں پکڑا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام شمالی پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں صوبائی اجلاس کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا نا خزیمہ سمیع ، اور مولانا اسامہ سمیع کے علاوہ صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ایوب خان ثاقب ، مولانا قاری اعظم حسین،مولانا عبد الجبار شاکر، مولانا عبیداللہ بھکر، پیر اکبر ساقی، مولانا عقیل زبیر، مولانا عبد الروف ڈوگر،مولانا طیب عثمانی قاری، رحمت اللہ لاشاری، مولانا عبد الروف ربانی،مولانا قدرت اللہ عارف، قاری خورشید ودیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مولانا عبد الحق ثانی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ بلوچستان میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، عوام کے محافظ پولیس کے جوان اور دیگر حساس ادارے بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں۔ تمام سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ تمام تر توجہ قیام امن اور بیروزگاری کے خاتمے پر دیں ، انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی درندوں نے عرصہ انیس مہینوں سے جو مظالم شروع کئے ہوئے ہیں، بچوں کا قتل عام کر رہے ہیں ، انہوں نے مسجد و مدرسہ، ہسپتال و تعلیمی ادارے محفوظ نہیں ہیں ، جبکہ مسلم ممالک کے سربراہان خواب خرگوش کی نیند میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ تمام اسلامی ممالک کے حکمران فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا عملا ساتھ دیں اور ان ظالموں کے شکنجوں سے انہیں آزاد دلائیں ، جمعیت کے جنرل سیکرٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کارکنوں کو زور دیا کہ وہ تمام اضلاع میں شہید اسلام مولانا حامد الحق حقانی شہید کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کریں اور قوم کو بتائیں کہ یہ علمائے حق کی جماعت ہے اور دین حق کے لئے مولانا سمیع الحق شہید ، مولانا حامد الحق شہید نے اپنے آپ کو قربان کر کے حقانیت کا ثبوت دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت سے عوام کے اندر بالخصوص علما و طلبا کے اندر بیداری کی لہر پیدا ہو گئی ہے۔ اب ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ عوام کو منظم کریں اور دین دشمن قوتوں کے سامنے اپنے اکابر کی طرح سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کے لئے تیار ہو جائیں۔