Live Updates

بہنوں کی عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی

عدالت اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرائے، سلمان اکرم راجا ہم دو بہنوں کی ملاقات پر رضامند ہوگئے تھے، مگر جیل انتظامیہ کی جانب سے انتظار کروانے کا مقصد یہ تھا کہ ملاقات نہ کرائی جائے، بہن کی گفتگو

منگل 22 اپریل 2025 20:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ان کی بہنوں اور کزن کی ملاقات نہیں کرائی گئی جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے واپس چلے گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی، جس میں ان کی بہنیں نورین خان، عظمیٰ خان اور کزن قاسم خان شامل تھے، کو ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا، تاہم ملاقات نہیں کرائی گئی جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوئے۔

اس موقع پر عمران خان کی بہن نورین خان نیازی نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے دو گھنٹے داخلی دروازے پر انتظار کروایا گیا، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ملاقات کرائیں گے مگر یقین دہانی کے باوجود کہا گیا کہ ملاقات کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم دو بہنوں کی ملاقات پر رضامند ہوگئے تھے، مگر جیل انتظامیہ کی جانب سے انتظار کروانے کا مقصد یہ تھا کہ ملاقات نہ کرائی جائے۔

اڈیالہ جیل پہنچنے والے بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم خان نے کہا کہ ہمیں دو ایس ایچ اوز نے کہا تھا کہ آپ کی ملاقات کرادی جائے گی مگر دو گھنٹے بعد کہا گیا کہ ملاقات کا وقت ختم ہوگیا ہے۔عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنیں اور کزن واپس گورکھپور ناکہ پہنچ گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقاتوں پر میرا موقف واضح ہے کہ یہ انتظامیہ سے پوچھا جائے کیوں امتیاز برتا جارہا ہے، میری نظر میں یہ بچکانہ حرکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مجھے تمام تفصیلات ملی ہیں کہ ایڈوکیٹ فیصل چوہدری عمران خان سے مل کر آئے ہیں، مگر امریکی وفد کی بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔سلمان اکرم راجا نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ بیک ڈور کوئی بات نہیں ہورہی، انفرادی سطح پر کوئی بات کرتا ہے تو اس کا مجھے علم نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دو لوگوں نے اسکول کی طرح پارٹی کو چلانے کی بات کی ہے، اس بات کو کچھ لوگ کی جانب سے بڑھاوا دیا جارہا ہے۔

شیرافضل مروت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شیر افضل پر بات کرنا غیر اہم ہے۔سلمان اکرام راجا نے کہا کہ ہم عدالتوں میں ہیں، مزید درخواستیں دائر کر رہے ہیں، عدالت کو چاہییکہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرائے۔انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان سے علیمہ خان، میری اور نیازاللہ نیازی کی ملاقات نہیں ہوتی اس وقت تک تمام باتیں ہوا میں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات