مقبوضہ جموں وکشمیر میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کم از کم27 سیاح ہلاک ، درجنوں زخمی

منگل 22 اپریل 2025 20:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع اسلام آباد کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم مسلح افراد کے ایک حملے میں کم از کم 27سیاح ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں کہاگیا ہے کہ پہلگام کے علاقے بیسرن میں فائرنگ سے کم از کم 27سیاحوں کی ہلاکت اور درجنوںافراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے بتایاکہ نامعلوم مسلح افرادنے منگل کو پہلگام کے ایک اہم سیاحتی مقام پر حملہ کیا جس میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوںزخمی ہوئے۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھارت کے چار روزہ دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

حکام نے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔

حکام نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو مقامی لوگوں نے ہسپتال پہنچایا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ تھوڑی دیر پہلے فوج، سی آر پی ایف اور مقامی پولیس بیسرن پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔واضح رہے 2000ء میں اس وقت کے امریکی صدر بل کلنکٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کے لئے بھارتی ایجنسیوں نے چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کا قتل عام کیا تھا جس میں درجنوں سکھ مارے گئے تھے۔