Live Updates

نہروں کا تنازعہ ،وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی اہم ملاقات آج ہوگی

دونوں رہنماوں کی ملاقات آج شام وزیراعظم ہاوس میں ہوگی جس میں کینال کے معاملے پر مثبت پیش رفت کا امکان ہے، نہروں کے معاملے پر بلاول بھٹو اور سندھ حکومت اپنا موقف وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 اپریل 2025 13:13

نہروں کا تنازعہ ،وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی اہم ملاقات آج ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل 2025)نہروں کا تنازعہ ،وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی اہم ملاقات آج ہوگی،دونوں رہنماوں کی ملاقات آج شام وزیراعظم ہاوس میں ہوگی، دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں کینال کے معاملے پر مثبت پیش رفت کا امکان ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ہمراہ ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی اس ملاقات میں سندھ حکومت کے تحفظات اور نہری منصوبوں سے متعلق وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

اس اہم ملاقات میں نہروں کے معاملے پر بلاول بھٹو اور سندھ حکومت اپنا موقف وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات میں نہروں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کو سنا جائے گا۔ ملاقات میں نہروں کے منصوبے کی ری ڈیزائننگ کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس ملاقات میں حکومت کی جانب سے دریائے سندھ پر مجوزہ نہری منصوبوں کے حوالے سے کوئی بڑا اعلان یا اقدام کا بھی امکان ظاہر کیاجا رہا ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلاول بھٹو کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کا امکان بھی ہے۔اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت کا سندھ حکومت سے رابطہ ہوا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات طے پائی تھی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پنجاب میں بننے والی متنازع 6 نہروں کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت کیلئے اسلام آباد پہنچے۔ وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو اور ماہرین کی ٹیم بھی وزیرا علیٰ سندھ کے ساتھ اسلام آباد پہنچی ۔خیال رہے کہ پنجاب میں نہروں کے تنازع پر سندھ میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت قوم پرست جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں۔

سندھ حکومت نے کینالز منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی تھی ۔دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ کینال منصوبہ خواہ کسی نے بھی بنایا ہو۔سندھ حکومت اسے منظور نہیں ہونے دے گی۔ وزیر اعظم کو بھی اس کے نتائج معلوم تھے۔ہم اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناءاللہ کا بھی کہنا تھا کہ پنجاب پر سندھ کا پانی چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا تو پنجاب کو اپنی صفائی پیش کرنے کا تو موقع دیا جائے،چولستان نہر کا منصوبہ نہ ابھی مشترکہ مفادات کونسل سے منظور ہوا اور نہ ایکنک نے اس کی منظوری دی گئی تھی ۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط نے کہا تھاکہ چولستان نہر مشترکہ مفادات کونسل سے منظور نہیں ہوئی یہ نہر اتفاق رائے سے ہی بنے گی اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو یہ نہر نہیں بنے گی۔ وزیراعظم سے بات کر لی تھی وہ ترکیہ کے دورے کے بعد نہروں کے معاملے پر پیش رفت کریں گے۔ اگر یہ نہر بنی تو اسے پانی پنجاب اپنے حصے سے دے گا۔ ہم نہروں کے کنارے پختہ کر کے پانی بچائیں گے اور بچا ہوا پانی نئی نہر میں ڈالیں گے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات