Live Updates

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس؛ پاکستان کے 8 بڑے فیصلوں کی مکمل تفصیل سامنے آگئی

وزیراعظم کی زیرصدارت عسکری قیادت کی موجودگی میں ہونے والے اجلاس میں سفارشات کی منظوری دی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 اپریل 2025 16:28

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس؛ پاکستان کے 8 بڑے فیصلوں کی مکمل تفصیل سامنے ..
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2025ء ) پہلگام واقعے کے بعد لگائے جانے والے الزامات کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ ہر قسم کے تمام تجارتی روابط بھی ختم کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، طارق فاطمی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے شرکت کی، اجلاس میں بھارتی سفارتی اور آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے سفارشات کی منظوری دی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مجموعی طور پر 8 بڑے فیصلے کیے گئے جن میں (1) بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا، پاکستان نے اسے ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ قرار دیا جسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے پانی کو روکنے یا موڑنے کی کسی بھی کوشش کو ایکٹ آف وار تصور کیا جائے گا اور پوری طاقت سے اس کا مقابلہ کیا جائے گا، (2) پاکستان بھارت کے ساتھ تمام دوطرفہ معاہدوں کو معطل کرے گا، جن میں شملہ معاہدہ بھی شامل ہے، جس میں بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں اور دہشت گردی کی سرپرستی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ (3) واہگہ بارڈر پوسٹ کو فوری طور پر بند کرتے ہوئے بھارت سے سرحد پار سے تمام نقل و حرکت معطل کردی گئی، پاکستان کے اندر پہلے سے موجود درست ویزہ رکھنے والے بھارتی شہریوں کو 30 اپریل 2025ء تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی، (4) ہندوستانی شہریوں کے لیے تمام سارک ویزا استثنیٰ کی معطلی بھی شامل ہے، سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام ویزے فوری طور پر منسوخ کر دیئے گئے، اس کے تحت ہندوستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر چھوڑنا ہوگا، (5) ہندوستانی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کا پرسونا نان گریٹا کے طور پر اعلان کردیا گیا، ان اہلکاروں اور ان کے معاون عملے کو 30 اپریل 2025ء تک پاکستان چھوڑنا ہوگا، انڈین ہائی کمیشن کے اندر ایسی تمام پوسٹیں منسوخ کردی گئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ (6) اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کردی گئی، یہ فیصلہ 30 اپریل 2025ء سے مؤثر ہوگا، (7) انڈین ایئر لائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بند کردی گئی، تمام ہندوستانی ملکیتی یا آپریٹ ہونے والے طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود سے پرواز پر فوری طور پر پابندی عائد ہے، (8) پاکستان نے بھارت کے ساتھ تمام تجارت کی معطل کردی ہے، جن میں براہ راست یا کسی تیسرے ملک کے ذریعے تجارت شامل ہے، یہ فیصلہ فوری طور پر مؤثر ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات