Live Updates

بھارت کشمیر سے بہنے والے دریاؤں پر غیر قانون ڈیم بنا کر آبی جارحیت کا مرتکب ہوچکاہے‘صاحبزادہ ابوالخیر

جمعرات 24 اپریل 2025 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء) جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے حکومت پاکستان سے پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت کے جارحانہ عزائم اورمودی کے تکبرانہ طرز عمل کامنہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور امن کو چیلنج کرنے والوں کو اتنی ہی شدت کے ساتھ موثر جواب دیا جانا چاہئے تاکہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کے ان کے مکروہ عزائم خاک میں مل جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان آبی دہشت گردی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سخت خلاف ورزی ہے اس سے قبل بھی بھارت کشمیر سے بہنے والے دریاؤں پر غیر قانون ڈیم بنا کر آبی جارحیت کا مرتکب ہوچکاہے اور مسلسل پاکستان کو دھمکیاں دے کر خطے میں اپنی بلا دستی کے خواب دیکھ رہا ہے جس کا اقوام عالم کو فوری نوٹس لینا چاہئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے، کشمیری نوجوان اور بزرگوں کو پابند سلاسیل کرکے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے، ماں بہنوں پر ظلم و ستم ڈھائے جارہے ہیں، معصوم کشمیری بچوں کو موت کے گھاٹ اتار کر کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اورعالمی برداری کی توجہ ہٹانے کیلئے جارحانہ عزائم اور آبی دھشت گردی کے ذریعہ خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے پاکستان کے عوام ملک کی سالمیت اور دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں حزب اقتدارو حزب اختلاف اورا فواج پاکستان ملکر بھارت کے جارحانہ عزائم کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور ایسی حکمت عملی ترتیب دی جائے جس سے بھارتی گھمنڈ خاک میں مل جائے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات