Live Updates

مسیحی برادری ،جماعت اسلامی اور تاجر برادری کی جانب سے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

پیر 28 اپریل 2025 17:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)مریدکے میں مسیحی برادری ،جماعت اسلامی اور تاجر برادری کی جانب سے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ، شرکاء کی جانب سے پاک فوج زندہ باد اور انڈیا کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ۔ چیئرمین ابتدائی رسولی کلیسیا آف پاکستان پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف نے افواج پاکستان کے حق میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارض پاک کی حفاظت کے لیے مسیحی برادری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پہلگام کے واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں تاہم بھارتی سرکار نریندر مودی بنا کسی تحقیقات کے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی غلطی نہ کریں کیونکہ پاکستان ہر حملے کا پر زور جواب دے گا ،جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ،پہلگام واقعے کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کروا کر ذمہ دران کو قرار واقعی سزا دیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان مقتولین کے ورثاء کے ساتھ ہے ،بڑی بڑی جنگوں کے فیصلے ٹیبل پر ہونے ہیں خون ناحق دونوں اطراف بہانے کے خلاف ہیں ۔پاسٹر ڈاکٹر مرقس شریف نے کہا کہ ہم پر امن تھے ہیں اور رہیں گے لیکن جنگ مسلط کی گئی تو ساری دنیا پر روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اس لیے کوئی غلطی نہ کی جائے جس سے خون ناحق بہایا جائے یا بعد میں پچھتاوا ہو افواج پاکستان دنیا کی منجھی ہوئی فوج ہے۔ اس موقع پر ریورنڈ پادری پرنس مسیح مبشر فیصل محمود بھٹی نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کی سلامتی افواج پاکستان کے لیے دعا کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات