Live Updates

ہمدرد یونیورسٹی میں بھارتی اقدامات کیخلاف مذمتی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور

پیر 28 اپریل 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)ہمدرد یونی ورسٹی نے پیر کے روز پہلگام واقعہ کے حوالے سے بھارتی حکومت کی جانب سے بغیر ثبوت پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کی سختی سے مذمت کی ہے۔ ہمدرد یونی ورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں ایک خصوصی احتجاجی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کے علاوہ طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں ہمدرد یونی ورسٹی کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ لاریک نے ایک مذمتی قرار داد پیش کی جسے اجلاس نے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔اجلاس میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔ قرار داد میں انہوں نے نشاندہی کی کہ پہلگام حملے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران زیادہ تر ممالک کے نمائندوں نے بھارتی حکام کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے اتفاق نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر لاریک نے کہا کہ گزشتہ 75برسوں سے بھارت اپنے ملک میں ہونے والی کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا الزام بنا ثبوتوں اور بلا سوچے سمجھے پاکستان پر عائدکرنا اس کی ریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ نئی دہلی نے ہم پر خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے لیکن ماضی کے تمام الزامات اور دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں اور دنیا کو احساس ہو گیا ہے کہ ایسے تمام الزامات نہ صرف فرضی ہوتے ہیں بلکہ حقائق سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

ہمدرد یونی ورسٹی کے ڈین نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان نفرتوں کو فروغ دیا جائے، ہم نہیں چاہتے کہ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی ہمیشہ کے لئے رہے اس لئے ہم دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت چاہتے ہیں تاکہ کشمیر سمیت تمام معاملات اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق باہمی طور پر خوش اسلوبی سے طے ہوں۔ اسد اللہ لاریک نے نشاندہی کی کہ کچھ دوست ممالک اس معاملے میں پاکستان کی حمایت کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ چاہتے ہیں کہ عقل غالب رہے۔

اگر ان ہلاکتوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت ہے تو اقوام متحدہ جیسی ذمہ دار اور غیر جانبدار تنظیم کے سامنے پیش کئے جائیں۔ بعد ازاں شرکا نے مین گیٹ سے مزار سعید تک احتجاجی مارچ کیااور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔اس موقع پر شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر بھارتی الزامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ بعد ازاں انہوں نے حکیم محمد سعید کے مزار پر حاضری دی فاتحہ پڑھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات