Live Updates

سلامتی کونسل کا اعلامیہ بھارت کیلئے باعث ہزیمت ہی: اعجاز نثار

پیر 28 اپریل 2025 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار‘ سینئر وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف‘ مشاہد حسین سید‘کرنل(ر) محمدسلیم ملک‘ راجہ ظفرالحق‘ ناصر کھوسہ‘ مجیدہ وائیں‘ بیرسٹر ولید اقبال‘ چوہدری نعیم حسین چٹھہ‘ مہناز رفیع ‘ جنرل(ر) عبدالقیوم ‘سیکرٹری ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ناہید عمران گل اور سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پہلگام واقعہ پر جاری کردہ بیان پاکستان کی بڑی سفارتی فتح اور بھارت کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی جانب سے ایسا اعلامیہ جاری کروانا چاہ رہا تھا جس میں بھارت کو کھل کر سپورٹ کی جائے مگرپاکستان کی کامیاب اور مؤثر سفارتکاری کی بدولت سلامتی کونسل کے اعلامیہ میں پاکستان کیخلاف کسی طرح کی الزام تراشی سے بھی گریز کیا گیا جبکہ سلامتی کونسل کے بیان میں پہلگام کی جگہ جموں کشمیر کا نام شامل ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے سفارتی محاذ پر بہترین حکمت عملی سے نہ صرف اعلامیہ کی زبان تبدیل کروائی بلکہ بھارت کو بین الاقوامی محاذ پر ایک اور شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ سلامتی کونسل کے اعلامیہ میں دہشت گردی کی ہر شکل کو عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا اور زور دیا گیا کہ ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بھارت کی یہ خواہش کہ اعلامیہ میں پاکستان کو براہ راست نشانہ بنایا جائے، مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔

اعلامیہ میں ’’تمام متعلقہ حکام‘‘ کا ذکر کیا گیا، نہ کہ بھارتی حکومت کا، جو کہ بھارت کیلئے بڑی سفارتی ہزیمت ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت سفارتی محاذ پر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے، مگر پاکستان نے دانشمندی اور بردباری کے ساتھ نہ صرف بھارتی چالاکیوں کو بے نقاب کیا بلکہ عالمی برادری کے سامنے اپنا موقف بھی مؤثر انداز میں پیش کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات