Live Updates

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں بھارت کے جانب سے سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کے خلاف سیمینار اور ریلی کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں بھارت کے جانب سے سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات اور آبی دہشت گردی کے خلاف وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں کی قیادت میں سیمینار اور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، اساتذہ اور جامعہ کے حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار میں سندھ طاس معاہدے کی تاریخی اہمیت، موجودہ چیلنجز اور پاکستان پر ممکنہ اثرات کو اجاگر کیا گیا، مقررین نے پاکستان کے قانونی اور اخلاقی موقف کو واضح کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹیس کی اپیل کی۔ منعقدہ سیمینار میں شعبہ پولیٹکل سائنس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہنواز منگی نے کلیدی خطاب کیا اور1960میں عالمی بینک کی سرپرستی میں طے پانے والے معاہدے، خطے میں امن قائم رکھنے میں اس کے کردار اور بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات کے سنگین نتائج پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے اپنے خطاب میں بھارت کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیااور کہاکہ ہم سندھ طاس معاہدے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ، یہ ہماری زندگی کی ضمانت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کا بین الاقوامی اصولوں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اقوام کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرنا افسوسناک ہے، بھارت کے پانی کی تقسیم کے متفقہ اصولوں کو یکطرفہ طور پر بدلنے کی کوششیں آمرانہ رویہ ہیں جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

ڈاکٹر آرائیں نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کا مسئلہ صرف سیاسی نہیں بلکہ لاکھوں پاکستانیوں کی بقا ء کا مسئلہ ہے اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات پانی کی جارحیت کے مترادف ہیں جسے پاکستان کسی صورت قبول نہیں کرے گا،ہم ہر عالمی فورم پر اپنے حقوق کی بھرپور آواز اٹھائیں گے۔بعد ازاں وائس چانسلر کی قیادت میں جامعہ کے اکیڈمک بلاک سے مرکزی دروازے تک ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس میں بھارت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی،ریلی میں شریک طلباء نے بھارت کے جارحانہ رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے سنگین نتائج پورے جنوبی ایشیا کے امن پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

ریلی کے اختتام پر جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کی پوری کمیونٹی نے پاکستان کے قیمتی آبی وسائل کے دفاع کے لیے چوکنا اور فعال رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات