Live Updates

ّپاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت کا عمر ایوب کے بے بنیاد الزامات پر شدید ردعمل

پیر 28 اپریل 2025 21:20

ج لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین اور رکن قومی اسمبلی و سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب نوابزادہ افتخار احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کے پیپلز پارٹی کی قیادت پر پانی بیچنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے تاریخ کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عمر ایوب کو الزام تراشی سے پہلے اپنے خاندان کی تاریخ پر نظر ڈالنی چاہئے۔ پوری قوم بخوبی جانتی ہے کہ دریائے ستلج اور جہلم کا پانی بھارت کے حوالے کرنے کا تاریخی جرم خود ان کے دادا، ڈکٹیٹر جنرل ایوب خان کے ہاتھوں سرزد ہوا۔

(جاری ہے)

یہ وہ سیاہ باب ہے جس کا خمیازہ آج تک پاکستان بھگت رہا ہے۔ اسی طرح کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے میں بھی ان کے خاندان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ آج عمر ایوب جس طرح کچھ جعلی دستاویزات کو لہرا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہئے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی متعارف کروا کر ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات، عوامی حقوق اور ملکی خودمختاری کو اولین ترجیح دی ہے۔ ایسے محب وطن رہنماؤں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنا دراصل عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں، اصول پسندی اور قومی وقار کی امین ہے اور ہم ایسی من گھڑت الزام تراشیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ جھوٹے پروپیگنڈے میں ہرگز نہیں آئیں گے۔ انہوں نے عمر ایوب اور ان جیسے دیگر عناصر کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور قومی یکجہتی کے عمل کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات