اضلاع سے حاصل 22نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

فروری ،اپریل کی مہمات کے نتیجے میں وائرس کے پھیلائو میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر

پیر 28 اپریل 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)ملک بھر کے 44اضلاع سے حاصل کردہ 34ماحولیاتی نمونوں میں سے 22میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق فروری اور اپریل کی مہمات کے نتیجے میں وائرس کے پھیلا میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، رواں سال کی دوسری قومی پولیو مہم 21سے 27اپریل تک کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی، مہم کے دوران 4کروڑ 53لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

(جاری ہے)

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق پنجاب اور سندھ 100فیصد، خیبرپختونخوا 101فیصد، جبکہ بلوچستان میں 102فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہوگئی جب کہ اسلام آباد 106فیصد، آزاد کشمیر 100فیصد، جبکہ گلگت بلتستان میں 101فیصد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہوئی ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سال 2025 کی تیسری پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا، والدین سے اپیل ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں، ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، یاد رکھیں، ویکسین کی اضافی خوراکیں بچوں کی قوت مدافعت کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔