Live Updates

حکومت نے ٹرمپ کے ٹیرف کو کم کروانے کیلئے حکمت عملی بنالی

وزیر تجارت کی سربراہی میں وفد امریکا جائے گا جہاں ٹیرف میں کمی کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں گی،ذرائع

پیر 28 اپریل 2025 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)وفاقی حکومت نے پاکستانی مصنوعات پر امریکا کی جانب سے عائد اضافی ٹیرف سے نمٹنے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کیلئے رواں ہفتے اعلیٰ سطح کا وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفد کی سربراہی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کریں گے، جس میں سیکرٹری تجارت، وزارت خزانہ اور دفتر خارجہ کے حکام بھی شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکا کو پاکستان کے ساتھ تجارت میں تین ارب ڈالر خسارے کا سامنا ہے، جس کو کم کرنے کیلئے پاکستان امریکا سے درآمدات بڑھانے کی تجویز پیش کرے گا۔تجویز کے تحت ہر ایک ارب ڈالر کی کمی پر ٹیرف میں 9فیصد کمی ممکن ہے، تجویز میں امریکا سے پوما کپاس، مشینری، اور سویا بین آئل کی درآمدات بڑھانے اور بیڈ لینن، ڈینم، اور تولیوں کی برآمدات میں 50کروڑ ڈالر اضافے کی بات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان سالانہ ایک ارب ڈالر مالیت کی پوما کپاس درآمد کر سکتا ہے۔ امریکی انتظامیہ سے 29فیصد مجوزہ ٹیرف میں کمی کیلئے بات چیت کی جائے گی جبکہ غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ہٹانے اور تجارت بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔اس سے قبل پاکستانی مصنوعات پر اوسط 9.9فیصد ٹیرف عائد تھا جس میں امریکا نے 90روز کیلئے مزید 10فیصد اضافہ کیا90روز بعد 29فیصد ٹیرف سے بچنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات