Live Updates

پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حصہ کا پانی محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا، اسحاق ڈار

معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کا بھارت کا یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام بین الریاستی تعلقات کے قواعد، بین الاقوامی قانون اور خود معاہدے کی شقوں کے منافی ہے، وزیر خارجہ

پیر 28 اپریل 2025 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حصہ کا پانی محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا، معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کا بھارت کا یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام بین الریاستی تعلقات کے قواعد، بین الاقوامی قانون اور خود معاہدے کی شقوں کے منافی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق یہ بات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ایک اہم اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس کا پس منظر بھارت کی جانب سے معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش تھا۔ اجلاس میں وزیر قانون و انصاف، وزیر آبی وسائل، اٹارنی جنرل، سینئر حکام اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنا جائز حصے کا پانی محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کا بھارت کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام بین الریاستی تعلقات کے قواعد، بین الاقوامی قانون اور خود معاہدے کی شقوں کے منافی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ خطے کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس کا آبی نظام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے زندگی کی علامت ہے اور بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ اور عوامی بہبود کیلئے معاہدے کے مکمل نفاذ کی حمایت جاری رکھے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات