Live Updates

بھٹوں کے گردونواح میں نیشنل کاربن ایمیشن کنٹرول منصوبے کے تحت 2 لاکھ 91 ہزار 800 درخت لگائے جا چکے

منگل 29 اپریل 2025 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ڈیڑھ سال سے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف سرگرمِ عمل ہے، اس مہم کے تحت بھٹوں کے گردونواح میں نیشنل کاربن ایمیشن کنٹرول منصوبے کے تحت 2 لاکھ 91 ہزار 800 درخت لگائے جا چکے ہیں، صوبے کے تھل مینگراج اور دیگر صحرائی علاقوں میں سولر پینلز کے ذریعے بجلی پیدا کر کے ایگرو فاریسٹری منصوبے کے تحت درختوں اور فصلوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، دریاؤں، نہروں، اسکولوں، کالجوں، سڑکوں، دفاتر، پارکوں اور چوراہوں پر بھی بھرپور شجرکاری جاری ہے۔

اس ضمن میں اربن فارسٹ منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔سول سروسز اکیڈمی میں شجرکاری مہم کا شاندار آغاز کیا گیا، جسے وزیراعلیٰ پنجاب کے سرسبز وژن کا تسلسل قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے، یہ قومی فریضہ ہے۔ ڈائریکٹر پی اے ایس ڈاکٹر ساجد محمود نے کہاکہ اگر ہر فرد ایک درخت لگائے تو پاکستان سرسبز ہو سکتا ہے۔

کیئر ٹیکر حافظ محمد رضوان کی زیر قیادت عملے نے ماحول دوست رویہ اپنا کر ایک مثال قائم کی۔ شرکاء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ چھانگا مانگا میں وزیراعلیٰ کی مہم کے تحت 82 ایکڑ پر 59,532 پودے لگائے گئے جبکہ جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے لیے ویڈی سائیڈ اسپرے کا عمل بھی جاری ہے۔

تھل مینگراج فاریسٹ میں بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے شجرکاری جاری ہے۔راجن پور میں 2,091 ایکڑ زمین کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 800 ایکڑ پر 2,90,400 پودے لگائے جا چکے ہیں۔ صنعتی ادارے بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔ وزیرآباد میں وقار چیمہ برکس کمپنی نے امرود، سفیدہ، پاپولر اور چائنا بوہڑ کے 50 درخت لگائے، جبکہ آصف نواز چیمہ برکس کمپنی نے جامن، امرود اور سفیدہ کے 55 درخت لگائے۔ ساہیوال فاریسٹ ڈویژن میں دلواریاں شجرکاری مہم کے تحت 7,260 پودے جبکہ گوجرانوالہ کے بیلا بھگوانپورہ میں 15 ایکڑ پر 18,150 پودے لگائے گئے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس مہم کو حکومت پنجاب کی سبز پاکستان مہم کا اہم ستون قرار دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات