Live Updates

جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر حملے کے بارے میں قا بل ِ اعتماد شواہد موجود ہیں. پاکستان

دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے اور تنازع زدہ علاقوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امتیاز کے بغیر نقطہ نظر اپنایا جائے.اقوام متحدہ کے دہشت گردی متاثرین نیٹ ورک سے پاکستانی نمائندے کا خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 29 اپریل 2025 15:35

جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر حملے کے بارے میں قا بل ِ اعتماد شواہد موجود ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 اپریل ۔2025 )پاکستان نے کہا ہے کہ اس کے پاس جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر حملے کے بارے میں قابلِ اعتماد شواہد موجود ہیں جس میں 30 بے گناہ پاکستانی شہری ہلاک ہوئے اور درجنوں کو یرغمال بنایا گیا. اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے متاثرین کی ایسوسی ایشن نیٹ ورک کے آغاز کے موقع پر خطاب میں پاکستانی مشن کے قونصلر جواد اجمل نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد حملوں کے متاثرین اور ان خاندانوں کی حمایت کرے جن کی زندگیاں ان سانحات کے نتیجے میں ہمیشہ کے لیے بدل جاتی ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے اور تنازع زدہ علاقوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امتیاز کے بغیر نقطہ نظر اپنایا جائے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے درمیان واضح فرق کرنا بھی لازمی ہے. انہوں نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام، ضلع اننت ناگ میں حالیہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حملے میں سیاحوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کی ایسی جامع اور متفقہ تعریف طے کی جائے جو ابھرتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہوانہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو سوشل میڈیا اور ڈارک ویب جیسے نئے آلات کے استعمال سے معاشروں میں تقسیم کو گہرا کرنے اور تشدد بھڑکانے کے لیے پیدا ہو رہے ہیں.

جواد اجمل نے نفرت انگیز تقریر اور اسلاموفوبیا کو پھیلانے کے لیے چلائی جانے والی غلط معلومات کی مہمات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر ایک اخلاقی اور قانونی فریضہ عائد ہوتا ہے کہ وہ دہشت گردی کو جہاں کہیں اور جس شکل میں بھی موجود ہو، اسے موثر اور غیر جانبدارانہ اقدامات کے ذریعے دبائے انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ دہشت گردی ہوگی اتنے ہی زیادہ متاثرین ہوں گے.

دوسری جانب اقوام متحدہ میں انڈیا کی نائب مستقل مندوب یوجنا پٹیل نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کو ایک حالیہ ٹیلی ویژن انٹرویو میں یہ اعتراف کرتے ہوئے سنا ہے کہ پاکستان کی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، تربیت اور فنڈنگ کی تاریخ ہے.                                      
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات