Live Updates

راولپنڈی ، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کی ذمہ داری سنبھال لی

منگل 29 اپریل 2025 19:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیاب تکمیل کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی راناساجد صفدر اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) پاکستان ریلوے راولپنڈی نورالامین نے باہمی معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پاکستان ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی صدر،چکلالہ اور مارگلہ ریلوے سٹیشز کے پلیٹ فارمز،آفس بلڈنگ اور پلیٹ فارم ٹریک کی صفائی کرے گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن جیسے اہم اور مصروف مقامات پر صفائی کے معیار کو بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی اپنی پیشہ ور ٹیم، جدید مشینری اور مؤثر نظام کے ساتھ ان مقامات کو نہ صرف صاف رکھے گی بلکہ شہریوں کو ایک خوشگوار، جراثیم سے پاک اور معیاری ماحول بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ستھرا پنجاب مشن کے دائرہ کار کو مزید مستحکم کرے گی۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نورالامین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشن شہریوں کا ایک پہلا تاثر ہوتا ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسٹیشنز بھی صفائی کے اعلیٰ معیار کی مثال بنیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ یہ معاہدہ ایک خوش آئند آغاز ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ تعاون ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔\378
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات