جامعہ کراچی کے ڈی این اے تربیتی سیشن میں25ججوں کی شرکت

سیشن کے پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر اشتیاق احمد،ڈاکٹر عامر حسین، عامر حسن اور دیگر کی شرکت

منگل 29 اپریل 2025 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)کراچی سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)کی جانب سے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی میں ''فرانزک ڈی این اے اور سیریالوجی رپورٹس کی تشریح'' پر ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا جس میں25ججوں اور عدالتی افسران نے شرکت کی۔

یہ تربیتی سیشن منگل کے روز منعقد ہوا اورجسے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر ترتیب دیا گیا تھا۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ کی جانب سے ایس ایف ڈی ایل کے انچارج پروجیکٹ ڈائریکٹرڈاکٹر اشتیاق احمد خان نے شرکا کو خوش آمدید کہا۔ نمایاں شرکا میں ڈائریکٹر سی پی ایل سی شناخت پراجیکٹ عامر حسن، ایس ایف ڈی ایل کے قانونی مشیر ڈاکٹر عامر حسین اور دیگر معزز مہمان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ تربیتی سیشن میں مختلف فوجداری مقدمات میں ڈی این اے کے فرانزک تجزیے اور فرانزک ڈی این اے و سیریولوجی رپورٹس کی تشریح پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایس ایف ڈی ایل فرانزک سائنس کے میدان میں صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک نمایاں مرکز بن چکا ہے، جہاں ججز، تفتیشی افسران، میڈیکو لیگل ماہرین، پراسیکیوٹرز اور کرائم سین انویسٹی گیٹرز کو شواہد جمع کرنے اور ان سے نمٹنے کے طریقہ کار کی تربیت دی جاتی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ لیبارٹری نے اب تک8800سے زائد کیسز میں فرانزک رپورٹس فراہم کی ہیں، جن میں ڈی این اے اور سیریولوجی سے متعلق مختلف تحقیقات شامل ہیں۔ انھوں نے پی آئی اے طیارہ حادثہ، نوری آباد وین حادثہ، اور بچوں کے ساتھ زیادتی، قتل، اغوا اور لسبیلہ بس حادثہ جیسے حساس مقدمات کا بھی ذکر کیا جن میں ایس ایف ڈی ایل نے کردار ادا کیا۔

لیکچر کے بعد ایک تفصیلی پینل مباحثہ ہوا جس میں ڈاکٹر اشتیاق احمد خان، ایس ایف ڈی ایل کے قانونی مشیرڈاکٹر عامر حسین، عامر حسن اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ شرکا نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، تکنیکی سوالات پوچھے اور تربیت و انتظامات کو سراہا۔ تربیتی سیشن کے دوران، ججز اور عدالتی افسران نے سندھ فرانزک ڈی این اے اینڈ سیریولوجی لیبارٹری کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے لیبارٹری کے کام کا مشاہدہ کیا اور اس کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکا نے لیب کے جدید آلات اور استعداد کار کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔