Live Updates

پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ظالمانہ کارروائیاں تیز کردیں

منگل 29 اپریل 2025 23:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں خاص طورپر پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی فوجیوں کی طرف سے گھروں پر چھاپوں، جبری گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل سمیت ظالمانہ کارروائیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کو م شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیکورٹی آپریشنز کی آڑ میں سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔

مودی حکومت شہری آبادی کو نشانہ بنا نے کے ساتھ ساتھ منظم طریقے سے گھروں کو مسمار، نوجوانوں کو گرفتار اور مسلمانوں کو ہراساں کررہی ہے۔ ظلم و جبر کی تازہ لہرکے دوران چار مکانوں کو تباہ جبکہ درجنوں کشمیری خاندانوں کو ہراساں کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی فورسز نے جعلی مقابلوں میں تین بے گناہ نوجوانوں کو شہید اور دو ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے۔

دھماکہ خیزمواد سے کم از کم ایک درجن مکانات کو تباہ کیاگیا ہے جبکہ دو درجن سے زائد مکانوں کو شدید نقصان پہنچاہے۔ یہ کارروائیاں کشمیریوں کو ہراساں کرنے اور اجتماعی سزا دینے کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔مقبوضہ علاقے میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری سے تقاضا کرتی ہیں کہ وہ فوری مداخلت کرکے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کی مختلف ریاستوں میں مقیم کشمیری طلباء اور تاجروں کے بڑھتے ہوئے عدم تحفظ پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ان سے وابستہ دیگر ہندوتوا تنظیموں کی طرف سے پیدا کردہ فرقہ وارانہ ماحول نے بھارت میں مقیم کشمیریوں میں خوف و دہشت اور احساس عدم تحفظ کو بڑھادیا ہے۔

انہوں نے بھارتی سول سوسائٹی کے ارکان، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور باضمیر سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی ترک کریں اور اس منظم نفرت انگیز مہم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی قائم ہو سکتا ہے۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں ۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک خط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو نظرانداز کرکے کشمیری مسلمانوں کو "دہشت گرد" کے طور پر پیش کرنے سے متعلق بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔ خط میں کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی کھلی دھمکیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی اور رکن پارلیمنٹ روح اللہ مہدی سمیت کشمیری رہنمائوں نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے کی مذمت کی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات