Live Updates

ایم کیو ایم پاکستان کا یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر پائپ لائن کے ٹوٹنے پر تشویش کا اظہار

سندھ حکومت غفلت سے بیدار ہو اور بار بار لائن کو نقصان پہنچانے کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے، اراکین سندھ اسمبلی

منگل 29 اپریل 2025 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر پائپ لائن کے ٹوٹنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی قلت پہلے ہی بہت زیادہ ہے اس کے باوجود بی آر ٹی منصوبے میں غفلت کی باعث آئے روز پانی کی لائنیں ٹوٹتی رہتی ہیں، اس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں، سندھ حکومت کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں شہر کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے، بالخصوص کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران اپنی زمہ داریوں کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور ساری توجہ صرف مراعات کے حصول پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے متعلقہ حکام لائن کی مرمت کے کام کا فوری آغاز کریں اور پانی کی بحالی تک بلا تعطل مرمتی کام کروائیں نیز سندھ حکومت بھی غفلت سے بیدار ہو اور بار بار لائن کو نقصان پہنچانے کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات