Live Updates

کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے،سردارعتیق احمدخان

جمعرات 1 مئی 2025 21:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، اقوام متحدہ اور عالمی بینک پہلگام واقعہ اور سندھ طاس معاہدے پر کان دھرتے ہوئے عالمی کمیشن مقرر کرے تاکہ دو ایٹمی قوتوں کے ٹکرا ئوکو روکا جا سکے اور خطے کے امن کو تباہ ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے اور بھارت کو اس کی زبان میں جواب دینے کیلئے متحد ہے جبکہ بھارت میں مودی کے کارناموں کے خلاف بہت سی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور مودی تنقید کا باعث بن رہا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے دارالحکومت مظفرآباد دورے کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے ہی شہریوں کے خون پر سیاست کر رہی ہے۔

بھارت نے پاکستان کی سرحد پار کی تو یہ اس کی تاریخی بھول ہوگی۔اور پوری کشمیری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔پاکستان کا معاشی استحکام بھارت سے ہضم نہیں ہورہا، دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا ملک کس طرح دہشت گردی کی آڑ میں اپنے اہداف حاصل کررہا ہے۔ دنیا کو سمجھنا پڑے گا دہشت گرد کون ہے اور کس طرح سے وہ اپنے اہداف کو حاصل کررہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا براہ راست یا کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کشمیر میں جو آزادی کی تحریک چل رہی ہے وہ مقامی لوگوں کی اپنی تحریک و جدوجہد ہے۔بھارت میں انتخابی مہم کے دوران پاکستان کارڈ کھیلنا معمول بن چکا ہے۔ بھارت وسیع رقبے کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود زیادہ بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پہلگام سانحے پر بھارت کا ردعمل غیر ذمے دارانہ اور فوری تھا، بھارت کی حکومت اور میڈیا نے بغیر ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔کسی پاکستانی سیاسی رہنما نے انتخابی مقاصد کے لیے بھارت مخالف جذبات نہیں بھڑکائے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت غیر ذمے دارانہ رویہ ترک کرے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر ذمے دارانہ اور ستم ظریف ہے۔

دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں خالد رشید عباسی سے انکے بھائی ظفر رشید عباسی کی وفات پر تعزیت کی۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں سید احمد شاہ گردیزی اور انکی ہمشیرہ کی وفات پر پیر سید جلیل گردیزی اور سید خطیب گردیزی سے تعزیت کی۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں نثارعباسی اور معراج عباسی سے انکی کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات