پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی کے زیر اہتمام پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

اتوار 4 مئی 2025 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ ایک مخصوص جماعت کا سوشل میڈیا ملکی سلامتی کے خلاف استعمال ہو رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اصل جمہوری پارٹی ہے اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ہمارے پارٹی ورکرز ایک مہذب جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی کے زیر اہتمام اتوار کو یہاں پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان ، انچارج سنٹرل سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر بخاری، افتخار خان شہزادہ، مہتاب علی ، ہدایت خان ، منور زاد سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی محمد ہمایوں خان نے پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی کی تنظیم کی جانب سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر تمام عہدیداروں اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیااور اسلام آباد سٹی تنظیم کی کاوشوں کو سراہا اور خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اصل جمہوری پارٹی ہے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی مضبوطی سے آگے بڑھ رہی ہے،پیپلز پارٹی کی تمام تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کا فرض ہے کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔ ہمایوں خان نے کہا کہ مشکل وقت میں آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان نے کہا کہ جہاں پر بھی پیپلز پارٹی ورکرز آواز دیں گے میں حاضر ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز سوشل میڈیا پارٹی کے وسیع تر مفاد میں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز ایک مہذب جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دوسری جانب آج ایک مخصوص جماعت کا سوشل میڈیا ملکی سلامتی کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔

ہمایوں خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی لیڈر شپ اور کارکنان اپنے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری امید پاکستان ہیں، بلاول بھٹو زرداری پارلیمان کے اندر اور باہر آئین کی بالادستی بااختیار پارلیمان اور جمہوریت کی توانا آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء جمہوریت کی نظریات اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے،شہید بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو کے نظریے کو مزید فعال انداز میں آگے لے کر چلیں گے۔