Live Updates

پہلگام واقعہ جھوٹا،پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی،مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی

اتوار 4 مئی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر ازاد نے کہا ہے کہ پہلگام کا واقعہ سازش کے تحت رچایا گیا ،بھارت ماضی میں بھی جھوٹے پروپیگنڈے رچا کر رسوا ہو چکا ہے۔ملتان میں نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر ازاد نے کہا کہ دنیا اب مودی کے جھوٹ پہ یقین نہیں کرتی۔پوری پاکستانی قوم اپنے سپہ سالار کی قیادت میں ہندوستان کو منہ توڑ جواب دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ مودی نہ صرف گجرات کے مسلمانوں کے قتل میں ملوث ہے بلکہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھی مودی سرکار کا ہاتھ ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام،پارلیمنٹ،تمام جماعتیں اور یہاں بسنے والا ہر ایک شخص یک زبان اور متحد ہے۔بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہماری فوج ملک کے کونے کونے کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔بھارت غلط فہمی میں نہ رہے۔فلسطین کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دل غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے ظلم اور بربریت کے خلاف پاکستانی عوام نے ہمیشہ آواز اٹھائی اور ان سے اظہارِ یکجہتی کےلئے سب سے زیادہ مظاہرے اور اجتماع پاکستان میں ہوئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات