Live Updates

بھارت کو کشمیریوں کی جان و مال یا جذبات سے کوئی دلچسپی نہیں ،شرافت علی خلجی

حالیہ پاک بھارت تناؤ میں انتہاء پسند ہندؤ بھارتی حکومت کے مکروہ عزائم کھل کر دنیا کے سامنے آگئے ہیں

پیر 5 مئی 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے طویل عرصے سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قانونی طور پر مقیم آزاد جموں وکشمیر کے باشندوں کی بے دخلی ثابت کرتی ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کی جان و مال یا جذبات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اسے صرف کشمیر کے خطہ اور وسائل پر قبضہ جمانا ہے اس کے لیے وہ تمام کشمیریوں کو قتل یا بے دخل کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر سے بلاجواز اور غیرقانونی طور پر بزرگ، نوجوان شیرخوار بچوں کو جلاوطن کرنے پر شرافت علی خلجی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک بھارت تناؤ میں انتہاء پسند ہندؤ بھارتی حکومت کے مکروہ عزائم کھل کر دنیا کے سامنے آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت نے 45سال سے قانونی طور قیام پذیر بوڑھی خواتین کو اپنے خاوند بچوں پوتوں سے اور چالیس دن کی دودھ پیتی معصوم بچی کا گھر والوں سے زبردستی الگ کر کے آزاد جموں وکشمیر بے دخل کر دیا، اس وقت تک بھارتی قابض انتظامیہ 350سے زائد شادی شدہ خواتین کو اپنے بچوں اور فیملی سے جد ا کرکے واہگہ بھیج چکا ہے جس سے خطے میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت خود کو بدمعاش ریاست ثابت کرچکا ہے دنیا کا کوئی ملک کسی خاندان کو الگ نہیں کرتا۔ کشمیری پہلے ہی بھارتی جبر کے ستائے ہیں ان کے انسانی حقوق سلب کئے ہوئے ہیں انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں پہلے ہی انصاف، روزگار، عدالتی چارہ جوئی،جان کے تحفظ نہیں ہے مذید ستم یہ کہ اب قابض بھارتی انتظامیہ اور فوج کئی عشروں سے مقیم کشمیریوں کو غیرملکی قرار دے کر اپنی ہی ریاست سے ڈی پورٹ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے بے دخل کی جانے والی آزاد جموں وکشمیر کی خواتین کسی دوسرے ملک نہیں بلکہ اپنی ہی ریاست جموں و کشمیر کے ایک حصے سے دوسرے حصے منتقل ہوئی تھیں۔انہیں اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے خاندان اور بچوں کے ساتھ وہاں رہنے کی اجازت دیتا ہے لیکن بی جے پی کی انتہاء پسند حکومت اپنی مسلمان دشمنی میں آزاد جموں وکشمیر کے شہریوں کو مسلسل بے دخل کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستر سال کی بزرگ خاتون سے لیکر چالیس دن کی شیر خوار بچی سمیت قانونی طور مقبوضہ جموں وکشمیر میں رہائش پذیر تھے اب بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی مسلم دشمنی کی نذر ہو رہی ہیں یہ جنگ عظیم دوئم کے بعد خوفناک انسانی سانحہ ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل کے مستقل اراکین یونیسیف، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائیٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے بے دخل کیے جانے والی خواتین اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں اور اسے منع کریں کہ وہ کمزور اور بزرگ خواتین، شہریوں بچوں کو ان کے اہل خانہ سے الگ نہ کریں۔

انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں شدید انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور وہاں انسانی المیہ کی صورتحال پیدا کرنے پر بھارت پر پابندیوں کا مطالبہ بھی کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات