Live Updates

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی، وفاقی وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیاسی جماعتوں کو ان کیمرہ بریفنگ، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ

پیر 5 مئی 2025 22:02

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی، وفاقی وزیر اطلاعات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) وزیراطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور ڈی جی آئی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دیتے ہوئے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کو ان کیمرہ بریفنگ دی ۔

بریفنگ میں پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بریفنگ میں ہندوستان کی اقلیتوں کے معاملے میں انتہا پسندی اور مودی سرکار کے خطے میں دہشتگردی کے عزائم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

۔ بریفنگ کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور جعفر ایکسپریس جیسے واقعات میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے شواہد پوری دنیا تک پہنچا ئے جائیں گے تاکہ ہندوستان کا سیاہ چہرہ اقوام عالم میں بے نقاب ہو سکے۔

شرکا کا کہنا تھا پہلگام سمیت ماضی میں کیے گئے دہشت گردی کے تمام خود ساختہ واقعات کا الزام ہندوستان کی حکومت اپنے ناپاک عزائم پر پردہ ڈالنے کی خاطر پاکستان پر دھرتی رہی ہے ہے، جن کے شواہد وہ آج تک مہیا نہ کر سکا۔ شرکا کا کہنا تھا پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ہندوستان کا ہاتھ واضح ہے جن سے متعلق ٹھوس شواہد پوری دنیا کو دکھائے جائیں گے، تمام سیاسی عمائدین نے یکجا ہو کر افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

شرکا کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر پوری دنیا کے سامنے دوبارہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ بھارت کو کسی صورت کشمیر کا سٹیٹس تبدیل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ بھارت کے سندھ طاس معاہدے اور آبی جارحیت کے منصوبوں کو پاکستان کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے شرکاء نے کہا کے ایسے کسی غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تمام سیاسی رہنماؤں نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ وہ متحد ہو کر ہندوستان کا گھناونا چہرہ اقوام عالم کو دکھائیں گے جبکہ ملکی سلامتی اور وقار کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات