Live Updates

بلاول بھٹو کے ایکس اکائونٹ پربھارتی حکومت کی پابندی کی مذمت

پیر 5 مئی 2025 22:23

بلاول بھٹو کے ایکس اکائونٹ پربھارتی حکومت کی پابندی کی مذمت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے چیئرمین بلاول بھٹو کے ایکس اکائونٹ پر بھارتی حکومت کی پابندی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نہ صرف پاکستان کی نوجوان نسل کی آوازہیں بلکہ وہ بین الاقوامی سطح پرامن وانصاف کے سفیر بھی ہیں، ان کی آواز دبانا بھارتی جمہوریت پرسوالیہ نشان ہے۔

بھارتی حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاؤنٹ بند کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ سچ، اور منطق سے خائف ہے، مودی سرکار کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ آوازوں کو دبانے سے نظریات نہیں مرتے، بلکہ وہ مزید بلند ہوتے ہیں۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ چیئرمین بھٹو زرداری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت، بھارتی مسلمانوں پر مظالم اور خطے میں بھارت کے جارحانہ رویے پر کھل کر مؤقف اپنایا، بھارتی پابندی ایک ایسے بیانیے پر حملہ ہے جو نفرت کے خلاف مزاحمت کرتا ہے، ہم بھارتی حکومت کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی اور پلیٹ فارم بدل سکتے ہیں، لیکن نظریہ اور پیغام کبھی نہیں رکتے، بلاول بھٹو زرداری کی آواز پاکستان کے عوام کی آواز ہے، اور اسے دنیا کے کسی کونے سے خاموش نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کا یہ اقدام جمہوری اقدار کی توہین ہے اور اس کے اپنے آئینی دعووں کی نفی ہے، سیکولر جمہوریت ہونے کا دعویدار بھارت فسطائی رویوں سے اختلاف رائے کو کچلنے پر تٴْلا ہوا ہے، چیئرمین بلاول کی آواز نہ کل دب سکی، نہ آج دبے گی، نہ کل دبے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات