Live Updates

پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس، پاکستان بار ہا کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں،بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، عاصم افتخار احمد

منگل 6 مئی 2025 02:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس پیر کی سہ پہر منعقد ہوا۔ اجلاس میں کونسل کے 15 اراکین بشمول 5 مستقل ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کو پاکستان کی جانب سے بھارت کے اشتعال انگیز بیانات امن کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ارکان کو بھارت کے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر نے کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پاکستان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقائی امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی درخواست پر اجلاس بلانے پر سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دیرینہ تنازعہ ہے ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، پاکستان بار ہا کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان فرنٹ لائٹ اسٹیٹ ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم جاری ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات