Live Updates

آرمی چیف کی ایک کال پر ملک کی خاطر لڑنے کیلئے تیار ہیں، بھارت نے جارحیت کی تو اسے سخت جواب ملے گا، ایکس سروس مین

ملک کی تینوں افواج کے ریٹائرڈ افسران ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں، اس وقت بھی کسی قسم کا ٹاسک ہم پورا کر سکتے ہیں، پہلگام فالس فلیگ منصوبہ دنیا کے سامنے ناکام ہوگیا، میجر جنرل(ر)جاوید اسلم کی ریٹائرڈفوجی افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 16:30

آرمی چیف کی ایک کال پر ملک کی خاطر لڑنے کیلئے تیار ہیں، بھارت نے جارحیت ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ایک کال پر ملک کی خاطر لڑنے کیلئے تیار ہیں، بھارت نے اگر کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے سخت اور بھرپور جواب ملے گا، ملک کی تینوں افواج کے ریٹائرڈ افسران ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں،راولپنڈی میں میجر جنرل ریٹائرڈ جاوید اسلم نے ریٹائرڈ فوجی افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن خود کیا اور اسی کو بنیاد بنا کر سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کی جو ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے اگر کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے بھرپور اور سخت جواب ملے گا۔ اس وقت بھی کسی قسم کا ٹاسک ہم پورا کر سکتے ہیں، پہلگام فالس فلیگ منصوبہ دنیا کے سامنے ناکام ہوگیا۔

(جاری ہے)

بھارت پاکستان کو ٹارگٹ کرنے کے بہانے تلاش کرتا ہے اس بار بھارت کو وہ بیرونی سپورٹ نہیں ملی جس کی بھارت کو امید تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن نئی بات نہیں۔

پہلگام فالس فلیگ بھونڈے طریقے سے کیا گیا ہے۔ہم تمام ویٹنرز اور ریٹائرڈ پاکستان کےلئے حاضر ہیں۔ پاک وطن کے انچ انچ کی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، ہم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فہیم ارشد نے کہا کہ پاک فضائیہ ٹیکنالوجی اور مین پاور میں کسی سے کم نہیں۔

بھارت پاک فضائیہ کے جذبے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔میجر جنرل (ریٹائرڈ) خالد جعفری نے بھارتی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن مکمل طور پر من گھڑت اور فیبریکیٹڈ ہے جو دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انڈیا کی اپنے ملک کی انکیوائریز میں فالس فلیگ آپریشنز ثابت ہوئے۔ ہماری پریزینٹیشن دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز ابھی سے نہیں ہو رہے یہ پہلے سے ہو رہے ہیں۔

بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) جمیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ چاہے کولڈ اسٹارٹ ہو یا ہاٹ اسٹارٹ ہم ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار ہیں۔ بھارت جب آئے گا ہم بتائیں گے کہ وہ کب واپس جائے گا۔بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) زرین خان نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ریٹائرڈ فوجی اہلکار کشمیر میں موجود ہیں جو کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں صف اول پر ہوں گے۔ بھارت کو کشمیری عوام پر مظالم بند کرنے چاہئیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات