Live Updates

بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ ،8شہری شہید ، 35زخمی ، دو لاپتہ

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی ،بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے ، بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا، کئی ڈرون تباہ مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں،چیک پوسٹ بھی تباہ …ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،مساجد پر حملے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کی نشاندہی کرتے ہیں ،بزدلانہ حملے سے بھارت نے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے وہ دائمی غم میں بدل جائیگی، ترجمان پاک فوج پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے، پاکستانی طیارے محفوظ ہیں ،وزیر دفاع خواجہ آصف

بدھ 7 مئی 2025 08:20

اسلام آباد /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے چھ مقامات پر میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں 8شہری شہید اور 35زخمی ہوگئے ، دو افراد لاپتہ ہیںتاہم پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے ، بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا، کئی ڈرون بھی تباہ کر دیئے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی تفصیلات بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی حملے میں 8 پاکستانی شہید، 33 زخمی ہوئے ہیں،پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئے ، مظفر آباد ، کوٹلی، مرید کے مساجد کو نشانہ بنایاگیا، دشمن کے بلاجواز حملہ کا پاکسانی فوج بھر پور جواب دے رہی ہے اور اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جس میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوگئے جبکہ دو لاپتا ہیں۔انہوں نے کہا کہ احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا یہاں 4 حملے ہوئے اور 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہیں، دو مرد اور دو خواتین بھی شہید ہوئے اور 31 زخمی ہوئے۔

انہوںنے بتایا کہ یہاں ایک مسجد شہید ہوئی ہے، شہری آبادی میں 4 کوارٹرز کو نقصان پہنچا جہاں عام لوگ رہائش پذیر تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مظفر آباد میں شاہی والا نالہ میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا اور یہاں دشمن کی طرف سے 7 حملے کیے گئے، اس میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، 5 حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکا شہید ہوئے، ایک ماں اور بیٹی زخمی ہیں۔

میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ مریدکے میں مسجد ام القرا کو نشانہ بنایا گیا، 4 حملے کیے گئے، ایک شہری شہید اور دوسرا زخمی ہے، دو لوگ یہاں لاپتا ہوگئے ہیں، مسجد شہید ہوگئی ہے، اطراف میں غریب لوگوں کے کوارٹرز کو نقصان پہنچا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیالکوٹ کے شمال میں گائوں کوٹلی لوہاراں پر دو حملے کیے گئے، ایک گولہ پھٹا نہیں اور ایک گولہ کھلے کھیت میں گرا ہے یہاں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آخری مقام شکرگڑھ کے قریب ہے جہاں دو حملے کیے گئے، نقصان نہیں ہوا ہے تاہم ایک ڈسپنسری کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کے اس بزدلانہ، بلااشتعال، بلاجواز حملے کا بھرپور جواب افواج پاکستان پاکستانی قوم کی حمایت سے دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ مقامات میں لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو لے جایا گیا تھا کیونکہ بلاجواز جو الزامات لگائے جاتے ہیں اسے آگاہ کیا جائے، اسی طرح صبح میڈیا کو مریدکے اور بہاولپور کو جانا تھا، جس کا اعلان حکومت کی جانب سے کل شام کو کیا گیا تھا۔

میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ میڈیا کو جہاں معصوم شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا ہے وہاں میڈیا کو لے جایا جائے تاکہ بھارت کی اس ننگی جارحیت کو تمام دنیا دیکھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا۔ اس گھنائونی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے سے بھارت نے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے وہ دائمی غم میں بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مساجد پر یہ حملے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کی نشاندہی کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے مساجد کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں ایک میزائل سڑک پر گرا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ، لیکن مزید تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی جوابی کارروائی زمین اور فضا میں جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جاے گا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابھی تک صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا۔دوسری جانب پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 جہاز مار گرائے ،بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون مار گرایا۔سیالکوٹ پولیس اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کوٹلی لوہاراں میں پاکستان نے بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون پھٹ گیا اور دوسرا ڈرون فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا، نارووال میں پاکستان نے بھارتی ڈرون مار گرایا، ایک بھارتی ڈرون ظفروال کے گائوں تہرا کے قریب مار گرایا ہے جبکہ بھارتی ڈرون گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دریں اثناء میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کردی ہے۔بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔بھارت کی جانب سے حملے کے بعد ایئراسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات