Live Updates

برطانیہ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے مدد کی پیشکش

صورتحال بہت تشویشناک ہے، بھارت اور پاکستان کا خطے کے استحکام اور کشیدگی کم کرنے میں ایک بڑا کردار ہے، اس معاملے میں ہم جو مدد فراہم کرسکتے ہیں ہم اس کیلئے تیار ہیں؛ برطانوی سیکرٹری تجارت کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 مئی 2025 14:21

برطانیہ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے مدد کی ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2025ء ) برطانیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے مدد کی پیشکش کردی۔ بی بی سی اردو کے مطابق برطانیہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، برطانیہ کے سیکرٹری تجارت جوناتھن رینالڈز نے کہا کہ برطانوی کابینہ کے رکن ڈیوڈ لیمی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش میں دونوں ممالک سے رابطہ کیا ہے کیوں کہ صورتحال بہت تشویشناک ہے، ہمارا پیغام ہے کہ ہم دونوں ملکوں کے دوست اور پارٹنر ہیں، ہم دونوں ملکوں کی مدد کے لیے تیار ہیں، بھارت اور پاکستان دونوں کا خطے کے استحکام، مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے میں ایک بڑا کردار ہے، اس معاملے میں ہم جو مدد فراہم کر سکتے ہیں ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ عالمی برادری نے بھارتی جارحیت کو افسوسناک قرار دیدیا، دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ نے جنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کاردعمل سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے یہ شرمناک حرکت ہے ہم نے پاکستان کے خلاف بھارت کے حملے بارے سنا ہے۔

اسی طرح چین نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر ہونے والے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دے دیا، ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ہمسایہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، بھارت اور پاکستان دونوں چین کے بھی ہمسایہ ہیں، چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، فریقین ان اقدامات سے گریزکریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی یا عالمی امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، یو اے ای ہمیشہ سے خطے میں امن و استحکام کا داعی رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی ہر ممکن کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، موجودہ صورتحال حساس نوعیت کی ہے اور اس کا واحد پائیدار حل سفارتکاری اور بات چیت سے ہی ممکن ہے، پاکستان اور بھارت کو چاہیئے کہ وہ تنازع کو مزید بڑھانے کے بجائے امن کی راہ اختیار کریں تاکہ خطے میں استحکام قائم رہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات