Live Updates

پاک فوج نے بھارت کو حملے کا منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے، جہانگیر شاہ

بدھ 7 مئی 2025 18:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)سیاسی و قبائلی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو حملے کا منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے بھارتی حملے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت قابل مذمت ہے ،مچھ میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکارہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اورزخمی ہوگئے پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی جہازوں اور چیک پوسٹوں پر نشانہ بناکر بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا اور یہ ثابت کردیا کہ پاک فوج کسی بھی حملے کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ روز مچھ کے علاقے میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیںجو ملک کے دشمن ہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور خاص کر بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات