بھارتی حملے کو شاہینوں نے بری طرح پسپا کر دیا،سید علی حیدر گیلانی

بدھ 7 مئی 2025 18:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حملے کو شاہینوں نے بری طرح پسپا کر دیا،پاکستان کی سالمیت اور سکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔وہ بدھ کوپنجاب اسمبلی کے باہر پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم عثمان احمد کےساتھ میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملکی دفاع مضبوط بنایا جس کی وجہ سے بھارت پاکستان پر حملہ سے پہلے دس بار سوچتا ہے،25 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ ہے اور فوجی بن کر دفاع کرنا جانتے ہیں۔مخدوم عثمان محمود نے کہا کہ بھارت کو نہ صرف جنگی میدان بلکہ سفارتی محاذ پر بھی منہ کی کھانا پڑی،اکھنڈ بھارت کا خواب پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کو غیر محفوظ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان واحد ملک ہے جو بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ اپنی پاک فوج کےشانہ بشانہ کھڑی ہے،دفاع وطن کی خاطر تمام سیاسی جماعتیں سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہیں۔