Live Updates

پاک بھارت کشیدگی ، وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ تمام سفیروں کو بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور خطے کی موجودہ صورتحال پرمکمل بریفنگ دینگے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 7 مئی 2025 16:25

پاک بھارت کشیدگی ، وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 مئی 2025)پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ تمام سفیروں کو بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر مکمل بریفنگ دینگے،پاکستانی سفیروں کو مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی آگاہ کیا جائیگا۔

ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفیروں کو ورکنگ باونڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کر کے اقدامِ جنگ کیا ہے۔بھارتی جارحیت اور پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پرتمام سفیروں کو عالمی سطح پرپاکستانی موقف کوبہتر انداز میں اجاگر کرنے کی ہدایات بھی دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل قوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان عالمی سطح پر متحرک ہوگیا تھا۔ عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں میڈیا کو سفارتی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دو مرتبہ ملاقاتیں کی گئیں تھیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سمیت دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں گئیں تھیں جن میں پاکستان اوربھارت کے درمیان خطے میں کشیدگی اور تناﺅ پر مکمل بریفنگ دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ او آئی سی گروپ کے سفیروں سے بھی ملاقات کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیاتھا۔ دنیا جان لے پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیںتھا۔ دنیا اس واقعہ کی صاف شفاف تحقیقات کرے پاکستان اس میں مکمل تعاون کرے گا۔دنیا خطے میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرے۔نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستان کی درخواست پر اجلاس بلانے پر سلامتی کونسل کے مشکور تھے۔

بھارت کے حالیہ اقدامات پر شدید تحفظات تھے۔ پاکستان اپنی سالمیت اور دفاع کیلئے مکمل تیار ہے، بھارت نے یکطرفہ طور پر ورلڈ بینک کے توسط سے طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو ختم کیا۔ پانی زندگی ہے، جنگوں میں استعمال ہونے والا ہتھیار نہیں تھا۔روس میں تعینات پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی کابھی کہنا تھا کہ بھارت نے دریاﺅں کے پانی کا رخ موڑنے یا اسے روکنے کی کوشش کی تو اسے برداشت نہیں کیا جائیگا۔ روسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد تھے جن کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ ہم بھارتی جنگی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہمیں اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کا پورا حق تھا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات