Live Updates

حکومت خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اسٹارٹ اپس کی ہر ممکن معاونت کر رہی ہے، فیصل کریم کنڈی

بدھ 7 مئی 2025 18:28

حکومت خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اسٹارٹ اپس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ حکومت ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اسٹارٹ اپس کی ہر ممکن معاونت کر رہی ہے، ہم انہیں محض کاروباری ادارے نہیں، بلکہ معیشت کے انجن، روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے، اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے محرک سمجھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC) اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر خیبر پختونخوا کو اس موقع پر نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سید احمد مسعود کیجانب سے ادرہ کے اغراض و مقاصد اور مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، گورنر نے اس موقع پر ادارہ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر اسلام آباد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز پاکستان میں اختراع، کاروبار اور ڈیجیٹل ترقی کی علامت بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ این آئی سی اسلام آباد نے پاکستانی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،ایسے اقدامات نہ صرف مقامی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو بھی بہتر بناتے ہیں۔

گورنر نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ملک بھر سے نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے، بحیثیت گورنر خیبر پختونخوا یوتھ انگیجمنٹ، خواتین کی خودمختاری سے متعلق اقدامات انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر کی انتظامیہ کو خیبر پختونخوا دورہ کی دعوت دیتے ہوئے صوبہ کے نوجوانوں کو اسٹارٹ اپس مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ضمن میں گورنر ہاؤس پشاور کیجانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا- گورنر نے اپنے خطاب میں بھارتی جارحیت سے متعلق کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حرکت کی اور پاکستان کے امن کے پیغام کو غلط سمجھا، ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام اپنی مسلح افواج کے متحد کھڑے ہیں اور بھارت کو منہ توڑ جواب ابھی بھی دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں-
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات