Live Updates

مظفرآباد،بھارتی حملے میں شہید بزرگ کی نماز جنازہ یونیورسٹی گرائونڈ چہلہ میں ادا کی گئی

نمازہ جنازہ میں چیف جسٹس،وزراء سیاسی قیادت، وکلاء، صحافی، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی

بدھ 7 مئی 2025 19:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے محمد یعقوب کی نماز جنازہ یونیورسٹی گراؤنڈ چہلہ میں وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی امامت میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ، سینئر جج عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین، جج عدالت العالیہ جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جج عدالت العالیہ جسٹس خالد رشید چوہدری، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد، وزیر حکومت سردار محمد جاوید ایوب خان، سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی شوکت جاوید میر، سیاسی قیادت، وکلاء، صحافی، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دینے، شہریوں اور املاک کی حفاظت پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارتی بزدلانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہمارا فخر ہے ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ دشمن کو دندان شکن جوابی کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مظفرآباد کی دھرتی شہداء کے وارثوں کی دھرتی ہے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے جنگی جنون کو شکست دیں گے۔ شہید یعقوب نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کی جانب سے دشمن کو پسپا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہندوستان نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے نتیجے میں شہریوں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں کو نشانہ بنایا ہے۔

پاک فوج کے جوانوں کو بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کا دندان شکن جوابی کاروائی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر، دفاعی ادارے اور قوم کا ہر ایک بچہ اپنے شہیدوں کے لہو کے مقروض ہیں۔ ہمارے لئے شہادت اللہ تعالی کا انعام ہے جسے چاہتا ہے عطا کرتا ہے۔ بھارت کے جنگی جنون نے جہاں پوری قوم کو سیسہ پلائی دیوار کی مانند اکٹھا کیا ہے وہی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے۔

نماز جنازہ میں ہر مکتبہ فکر کے افراد کا یہ اجتماع اس بات کا مظہر ہے کہ شہادت مومن کی منزل ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیلم سے بھمبر گلگت سے کراچی تک پوری قوم متحد ہے۔ جنگ کبھی بھی ہماری خواہش نہیں رہی لیکن اب جنگ مسلط ہو گئی ہے تو پاک فوج ہمارا سینہ اور ہم ان کی پشت ہیں۔ ہم نہ صرف اپنے ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے بلکہ مقبوضہ کشمیر کو بھی بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد کرائیں گے۔

آج ہماری افواج نے دشمن کو یہ باور کرایا ہے کہ ہمارے پاس نہ صرف اچھی چائے ہے بلکہ ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیت بھی موجود ہے۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 26 افراد شہید ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 04 خواتین، 04 مرد اور 01 معصوم بچہ شہید ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وملت کے دفاع کے لیے ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ آخر میں شہید محمد یعقوب کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ملکی سلامتی، پاک فوج کی کامیابی، شہداء پاکستان اور شہداء کشمیر کیلئے بھی دعا کی گئی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات