مقبوضہ جموں وکشمیر،چھاپوں ، تلاشی کی کاررائیوں کا سلسلہ جاری، 28سو سے زائد نوجوان گرفتار

جمعرات 8 مئی 2025 17:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔بھارتی فورسز اہلکاروں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائو ن آپریشنز کے دوران 28سو سے زائد کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسزاہلکار گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں، قیمتی گھریلو اشیاکی توڑ پھوڑ اور بنک اور جائیداد کی دستاویزات، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کر رہے ہیں۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ چند دنوں میں صرف سری نگر شہر میں 100 سے زائد گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔

(جاری ہے)

سری نگر اور دیگر قصبوں میں کرفیو جیسی صورتحال ہے، بھارتی فورسز نے ہر گلی کوچے میں چوکیاں قائم کر رکھی ہیں، شہریوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔ مسلسل چھاپوں اورتلاشی کی کارروائیوں کیوجہ سے ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول پایا جاتا ہے۔ دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اوربلاجواز گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے کی ا بتر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں رہائشی مکانات، مساجد اور مدارس سمیت آبادی والے علاقوں پر بھارتی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قانون کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جو خطے میںپائیدار امن و استحکام کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔

ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں حکام نے تمام سرکاری ملازمین کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دفاتر میں اپنی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کیطرف سے قوم سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضع مو قف کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیری اپنی بھر پور سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں۔