Live Updates

پاک بھارت کشیدگی؛ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان

انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی 2 روز کیلئے ملتوی، او لیول، اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 مئی 2025 16:40

پاک بھارت کشیدگی؛ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے اتوار 11 مئی تک بند کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن کے لیے بند رہیں گے، موجودہ حالات کے پیش نظر تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چھٹیوں کے احکامات تمام سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی 2 روز کیلئے ملتوی کیے جاچکے ہیں، جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والے پریکٹیکل بھی ملتوی کر دئیے گئے، جمعہ 9 اور ہفتہ 10 مئی کو ہونے والے امتحانات اور پریکٹیکل کا نیا شیڈول جلد جاری ہوگا، تاہم او لیول، اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جب کہ 12 مئی پروز پیر سے صوبے میں تدریسی عمل کا دوبارہ معمول کے مطابق آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب میں محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122کی فرضی مشقیں شروع کردی گئی ہیں، محکمہ شہری دفاع کو پوری طرح فعال اور مشقوں کا آغاز کردیا گیا ہے، پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، سرگودھا نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ، لیہ، وہاڑی، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں محکمہ شہری دفاع کی فرضی مشقیں جاری ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں شہری دفاع کی مشقوں کی مانیٹرنگ اور صوبائی حکومت کے فیصلوں کے بارے میں درست معلومات مہیا کرنے کے لئے ڈی جی پی آر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، جس کا مقصد بے بنیاد خبروں اور ڈس انفارمیشن کی روک تھام ہے، ڈی جی پی آر دفتر میں قائم ہونے والا یہ کنٹرول روم حکومت پنجاب کے فیصلوں اور احکامات کے بارے میں درست اور قابل اعتبار معلومات مہیا کرے گا، کنٹرول روم روزانہ 24 گھنٹے کام کرے گا اور یہاں عملہ تین شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ ریسکیو 1122 نے بھی مختلف شہروں میں موک ایکسرسائز کا آغاز کر دیا ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور خطرات سے بچاؤ کے لیے ریسکیو 1122 کی فرضی مشقیں کی جارہی ہیں، پنجاب حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کو ہمہ وقت مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے، ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے ذریعے شہریوں کی مدد اور رہنمائی کی جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور پولیس نے کسی بھی ہنگامی یا دہشت گردی کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر میں فرضی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، قذافی سٹیڈیم میں منعقدہ مشق کے دوران دہشت گردی کی ایک کارروائی کو ناکام بنانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا، مشقوں میں لاہور پولیس کے تمام ونگز بشمول آپریشنز، ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ، پٹرولنگ، ٹریفک پولیس، ایس ایچ اوز اور اے ایس پیز نے حصہ لیا، جب کہ ریسکیو 1122 اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیموں نے بھی مشق کا حصہ بن کر اپنی تیاریوں کا مظاہرہ کیا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات