Live Updates

’ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں‘ پاکستان کا جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 مئی 2025 17:03

’ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں‘ پاکستان کا جوابی کارروائیاں جاری ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا، اس صورتحال میں ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں بھارتی جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سکیورٹی حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 25 اسرائیلی ڈرون مار گرائے ہیں، اجلاس میں بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کو ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر پاکستانی قیادت نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا گیا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے، ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے بھارت کے ڈرونز اور جہاز مار گرائے ہیں، پاکستان اپنے وقار اور عزت سے امن کیلئے پر عزم ہے، پاک افواج دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور ملکی سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے بتایا ہے کہ افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے، بھارت کے 6/7 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات