Live Updates

ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے زیر اہتمام نیویارک میں مظاہرہ ،ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ

جمعہ 9 مئی 2025 13:33

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران واشنگٹن میں قائم ایڈوکیسی گروپ ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم ( ڈبلیو کے اے ایف )کے زیر اہتمام نیویارک میں ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کو اجاگر کیاگیا۔ نیویارک میں یہ ڈیجیٹل ٹرک اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر، مختلف مشنز کے دفاتر، فریڈم ٹاور، انڈین مشن، کولمبس سرکل، مڈ ٹائون مین ہٹن اور ٹائمز سکوائرکی سڑکوں پر چلائے گئے۔

ٹرکوں پر نصب الیکٹرانک سکرینوں پر "مودی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے: جوہری تصادم آدھی انسانیت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے ،پہلگام واقعے کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے ،جنگی جنون ، فریب اور دھوکہ تنازعے کا کوئی حل نہیں ،اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے "جیسے پیغامات درج تھے۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل سکرینوں پر درج دیگر پیغامات میں "کشمیریوں کی پہلگام واقعے کی مذمت، بھارت نفرت اور دشمنی کو بڑھا رہا ہے، ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی عروج پرہے،تنازعہ کشمیر عالمی توجہ کامتقاضی ہے ،تنازعہ کشمیر کے قابل قبول حل کی ضرورت ہے،بھارتی جمہوریت مقبوضہ کشمیرمیں ختم ہوجاتی ہے اورکشمیر میں استصواب رائے خواب نہیں : یہ ایک بین الاقوامی قانون ہے"شامل تھے۔

اس موقع پر ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے پہلگام واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی کےلئے مدد کی پیشکش کی اوردونوںملکوں پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زوردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لیڈر دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل ، امن کی بحالی اور ان جوہری ممالک کے درمیان جنگ کو روکنے میں مدد کرتا ہے وہ نہ صرف شکریہ بلکہ وہ نوبل امن انعام کا بھی مستحق ہوگا اور یہ عزاز صدر ٹرمپ کو بھی حاصل ہو ہو سکتا ہے ۔

ڈاکٹر فائی نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف حالیہ بھارتی جارحیت میں 31شہری شہید اور 57سے زائد زخمی ہو ئے ، بھارتی جارحیت سے خطے میں خوف اور عدم استحکام بڑھا ہے ۔اس موقع پر انسانی حقوق کے ممتاز کارکن اور پاکستان امریکن سوسائٹی کے صدر شمس زمان،کشمیر مشن امریکا کے وائس چیئرمین سردار تاج خان،ایڈووکیٹ سردار امتیاز خان گڑالوی ،جموں و کشمیر لیوریشن فرنٹ شمالی امریکا کے سینئر رہنما راجہ مختار اورپاکستان امریکن سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری اشرف نے بھی خطاب کیا اور تنازعہ کشمیر کے حل پر زوردیاجودونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے ، عالمی طاقتیں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔\932
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات