Live Updates

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 21 سے متعلق انتخابی عذرداری پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری،جواب طلب کرلیا

جمعہ 9 مئی 2025 13:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ21 سے متعلق انتخابی عذرداری پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے صالح بھوتانی کی درخواست پر جواب طلب کر لیا۔جمعہ کوسپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 21 سے علی حسن زہری کی کامیابی کو چیلنج کی گئی صالح بھوتانی کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 21 سے متعلق کیس الیکشن ٹربیونل میں زیر سماعت ہے، جس پر جسٹس شاہد وحید نے کہاکہ وہ الگ معاملہ ہے یہاں پر معاملہ براہ راست الیکشن کمیشن سے ہے، الیکشن کمیشن پہلے جواب جمع کرائے پھر اس کو دیکھ لیں گے۔

(جاری ہے)

وکیل خواجہ حارث نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ کے ہی بنچ نے الیکشن کمیشن کو آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ صالح بھوتانی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم کے بر خلاف فیصلہ دیا۔

جسٹس شاہد وحید نے کہاکہ جواب آ جائے، الیکشن کمیشن اپنا موقف دے پھر دیکھ لیں گے۔سپریم کورٹ نے صالح بھوتانی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 21 سے صالح بھوتانی کامیاب ہوئے تاہم دوبارہ گنتی میں الیکشن کمیشن نے علی حسن زہری کو کامیاب قرار دیا تھا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات