Live Updates

بھارتی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے، پاک فوج سے یکجہتی کیلئے یومِ عزم ریلیاں

جمعہ 9 مئی 2025 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور یومِ عزم کے تحت ریلیاں نکالی گئیں۔ جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ان احتجاجی مظاہروں سے جماعت اسلامی سندھ کے رہنماؤں حافظ نصراللہ چنا، طاہر مجید، منعم ظفر، علامہ حزب اللہ جکرو، سید علی مردان شاہ، محمد یوسف اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی حملے کی سخت مذمت کی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساختہ ڈرون کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے کو بنیاد بنا کر جھوٹے الزامات کے تحت پاکستانی عوام، مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

اس جھوٹے ڈرامے کے ذریعے بھارت کی کوشش ہے کہ دنیا کی توجہ غزہ اور کشمیر میں جاری انسانی المیے سے ہٹا دی جائے۔ریلیاں اور مظاہرے کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، کندھ کوٹ، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، محراب پور، جیکب آباد، ٹنڈو آدم اور دیگر شہروں میں نکالی گئیں۔رہنماؤں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔جمعے کے اجتماعات میں علمائے کرام نے بھی بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ملک کی سلامتی و بقائ کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات