جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت کو 83 بلین ڈالرز کا نقصان، معیشت لرز اٹھی

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عسکری کارروائی میں شدت نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 15:12

جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت کو  83 بلین ڈالرز کا نقصان، معیشت لرز ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت کو صرف دو روز میں 83 بلین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ہندوستانی حصص مسلسل گرنے سے مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 83 بلین ڈالر کا نقصان ہوا کیوں کہ ہندوستان اور اس کے ہمسایہ ملک پاکستان کے درمیان عسکری کارروائی میں شدت نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا، ایٹمی ہتھیاروں سے لیس پڑوسی بدھ کے روز سے تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں، ہندوستان نے گزشتہ ماہ کشمیر میں ایک مہلک حملے کے الزام پر پاکستان میں متعدد کارروائیوں کیں، پاکستان نے جوابی کارروائی کی اور اس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار سے حملوں کا تبادلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بھارت کی سٹاک مارکیٹ کے 13 بڑے شعبوں میں سے 12 شعبے شدید مندی کا شکار ہو چکے ہیں، جس کے بعد سے سٹاک مارکیٹ میں شدید بے چینی کی فضا ہے، خطے میں کشیدگی پر غیرملکی سرمایہ کاروں نے واضح طور پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جمعرات کے روز مارکیٹ کے انڈیکسز میں تقریباً 0.5 فیصد کی کمی ہوئی، پورے ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 1.3 فیصد کی تنزلی ریکارڈ کی گئی۔

ادھر پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے صرف پانچ گھنٹوں میں وہ کر دکھایا جو کئی دہائیوں میں ممکن نہ تھا، یہ صرف حملہ نہیں تھا بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور ذہانت کی جنگ کا عظیم مظاہرہ تھا، جس میں S400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کردیا گیا جس سے بھارت کا غرور راکھ ہوا، JF17 تھنڈر کے ہائپرسونک میزائلوں نے آدم پور میں بھارت کے S400 سسٹم کو تباہ کر دیا جو ایک ایسا نظام ہے جسے بھارت ناقابلِ تسخیر سمجھتا تھا، جس کی قیمت 1.5 ارب ڈالر ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ سائبر میدان پر قبضہ جماتے ہوئے پاکستان نے بھارت کا ڈیجیٹل نظام درہم برہم کردیا، بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ سے لے کر بھارت کے دفاعی و تکنیکی ادارے، سب ہیک کر لیے گئے جن میں کرائم ریسرچ انویسٹیگیشن ایجنسی، مہانگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورس، انڈیا کی منفرد شناخت اتھارٹی (UIDAI) شامل ہیں، 2,500 سے زائد سرکاری نگرانی کیمرے ہیک ہوگئے، بھارتی ایئر فورس، مہاراشٹر الیکشن کمیشن اور دیگر اہم اداروں کا ڈیٹا افشاں کردیا گیا، دشمن کا 70 فیصد بجلی کا نظام معطل ہوگیا، پورا سائبر اور مواصلاتی ڈھانچہ تباہ کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کی زمینی و فضائی تنصیبات کی مکمل تباہی ہوئی، دہرانگیاری میں توپ خانہ مٹایا گیا، ناگروٹا میں براہموس میزائل سٹوریج تباہ ہونے کے ساتھ بھاری جانی نقصان بھی ہوا، اُڑی فیلڈ سپلائی ڈپو صفحہ ہستی سے مٹ گیا، بھمبر گلی (IIOJK) میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز مکمل تباہ کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ پٹھان کوٹ، برنالہ، اکھنور، بٹھِنڈہ، سرسہ جس کی تباہی کی تصدیق بھارتی میڈیا نے خود کی اس سمیت متعدد فوجی فضائی اڈے نیست و نابود کردیئے گئے۔