Live Updates

بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے پرپاک فوج کو حریت رہنمائوں کی مبارکباد

پاکستانی مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کو کامیابی سے ہمکنار کیا، وہ قابل تحسین ہے

اتوار 11 مئی 2025 14:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کی قیادت نے بھارتی جارحیت اوربین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر معصوم اور نہتے عوام بالخصوص بچوں ،خواتین اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنونیر غلام محمد صفی ، جنرل سیکریٹری پرویز احمد شاہ ، سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر اوردیگر نے اپنے الگ الگ بیانا ت میں بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے پرپاک فوج کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کو کامیابی سے ہمکنار کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلح افواج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی جارحیت کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ پوری دنیا میں اپنی بے مثال طاقت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاک افواج نے بروقت جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

حریت رہنمائوں نے کہا کہ پاک افواج کا یہ کامیاب آپریشن نہ صرف پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کا ضامن بنا ہے بلکہ اس نے کشمیری عوام کے حوصلوں کو بھی بلند کیا ہے۔ حریت رہنمائوں نے خطے میں مسائل کو حل کرنے کیلئے کسی تیسری جگہ پر عالمی ثالثی کی موجودگی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات کو خوش آئند قرر دیا۔انہوں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ تنازعات کو حل کرنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اب مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششیں مزید تیز کرے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے قوم کے نام پیغام میں مذاکرات کے لئے کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کا ایجنڈا تجویز کرکے درست سمت میں رہنمائی کی ہے۔یہی ایک صورت ہے جس سے میدان میں جیتی ہوئی جنگ کو میز پر مستحکم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری عوام بھی اپنی مرضی کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ حریت رہنمائوںنے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں شہید اور زخمی ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے دلی یکجہتی کا اظہار کیا اور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہدا ء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کے ان جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات