Live Updates

دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے دل جیت لئے،بزنس کمیونٹی

کئی گنا طاقتور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،ایس ایم تنویر،عاطف اکرام،زبیرطفیل،حنیف گوہر،ملک خدا بخش

اتوار 11 مئی 2025 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)آپریشن بُنیان مرصوص کی کامیابی پر کاروباری حلقوں کے نمائندگان ایس ایم تنویر،عاطف اکرام شیخ،زبیرطفیل،حنیف گوہر،ملک خدا بخش،فیصل معیز خان،کیپٹن عبدالرشید ابڑو اورحنیف لاکھانی نے آرمی چیف،تینوں مسلح افواج کے سربراہان،وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے جنرل سید عاصم منیر اور پاک فوج کو آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارتی جارحیت کا دلیرانہ اور بھرپور جواب دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے بزدلانہ اقدامات کا ہماری مسلح افواج نے پورے وقار اور بھرپور قوت کے ساتھ جواب دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاک فوجن نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے موثر جوابی کاروائی سے پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے لیے عزم کا ثبوت دیا ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے ایک ایسا سبق سکھایا ہے جو آنے والی بھارتی نسلوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک قومی ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں اور قوم ان کی جرات و بہادری اور قائدانہ صلاحیت کی معترف ہے۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دیا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر خراج تحسین کی مستحق ہے،پاکستان ائیر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوایا، آرمی چیف کی بہترین جنگی پالیسی کی وجہ سے بھارت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا، وطن کی خاطر قربان ہونے والوں کو بزنس کمیونٹی خراج عقیدت پیش کرتی ہے، افواج پاکستان کے جواب کے بعد آئندہ بھارت کی ایسی جرات نہیں ہوگی، پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ ہم پاکستان کی عظیم بری، بحری اور فضائی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اور اُن تمام جانبازوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہر محاذ پر سینہ سپر ہیں، ہماری افواج ہمارا فخر ہے اور ایسے نازک وقت میں ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرحنیف گوہر نے کہا کہ بھارت کو جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ معاشی محاذ پر بھی بڑی شکست ہوئی ہے کیو نکہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کیلئے دو ارب 40کروڑ ڈالرقرض قسط کی منظوری دیدی ہے اور بھارت کی پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا قرض رکوانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کی انرجی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینرملک خدا بخش نے کہا کہ بھارتی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد پار کی اور درجنوں معصوم شہریوں کو شہید و زخمی کیا ،پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے بروقت کارروائی کر کے بھارتی طیاروں کو مار گرایا،پاکستانیپوری قوم اس وقت مکمل طور پر متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں بھی ناکام ہوئی ہیں اور اب اس پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی)کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ آج کا دن قوم یاد رکھے گی، ہماری بہادر فوج نے تاریخ ساز جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کو ناکوں چنے جبوا دیئے ،پاک افواج نے جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ،ایٹمی طاقت بنانے پرپاکستانی عوام ڈاکٹر عبد القدیر خان کے شکر گزار ہیں ۔بزنس مین فورم کے مرکزی رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر کیپٹن عبدالرشید ابڑو نے کہا کہ بزدلانہ حملوں کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی نے بھارت کے ہوش ٹھکانے لگادئیے اور بھارت کے ناپاک منصوبے خاک میں مل گئے ،پاک افواج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میںپوری قوم نے متحدرہ کر بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور کے سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرحنیف لاکھانی نے کہا کہ بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا،آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بیگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، آپ سمیت پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم بھارت کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات